کشمیریوں کی آزادی تک امن کی آشا جیسی تحریکیں کامیاب نہیں ہو سکتیں: فیض چشتی

لاہور (خواجہ فرخ سعید) ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان دشمنی بالآخر بھارت ہی کو لے بیٹھے گی۔ پاکستان کو بنجر بنانے کے لئے کشمیر سے پاکستان آنے والے دریاﺅں پر بند باندھ کر بھارت کی پاکستان کو ایتھوپیا اور صومالیہ بنانے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ کشمیر میں فوج کے زور پر قبضے کے خاتمے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک امن کی آشا جیسی تحریکیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی مرضی سے ہی حل کیا جا سکتا ہے جس کے لئے کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لئے ہمارے حکمرانوں کی بے چینی بے سود ہے۔ بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت بھارت سے زیادہ ہے اور بھارت ہمارے ایٹمی اثاثوں سے خوفزدہ ہے۔