بھارت، امریکہ سمیت جو پاکستانیوں کی تذلیل کرےگا تو ہم بھی کرینگے: رحمن ملک

اسلام آباد (ثناءنیوز + آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ امریکہ یا بھارت سمیت کوئی بھی ملک پاکستانی شہریوں کی تذلیل کرے گا تو ہم بھی اس ملک کے شہریوں کی تذلیل کریں گے۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی آئی پی ایل والے ہماری قدر نہیں کریں گے تو پھر ہم بھی نہیں کریں گے، کھلاڑیوں کے ساتھ بھارتی رویہ سے ثابت ہو تا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے، کھلاڑی امن کے سفیر ہو تے ہیں ان کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کو اپنے کئے پر نہ صرف نادم ہونا چاہئے اور معذرت کرنی چاہئے بلکہ وفد بھیج کر باعزت طریقے سے ہمارے کھلاڑیوں کو لے جانا چاہئے۔ اگر بھارت اپنے ملک کے اندر کسی مافیا یا تنظیم سے ڈرتا ہے تو یہ بھارت کا اپنا معاملہ ہے۔ ہم عدالتوں کے فیصلے کا احترام کرتے ہےں اور کرتے رہیں گے۔ دریں اثناءایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو مےں رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملک سے 80 سے 90 فیصد ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار ختم کر دیا گیا ہے فارن ایکسچینج ڈیلرز کو کوئی گڑ بڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ دہشت گردی کی طرح ملک سے کرپشن کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہ بڑھانے کےلئے وہ وزیراعظم سے بات چیت کریں گے۔