چمن: کلی لقمان، کلی جہانگیر میں 14روز بعد مردم شماری کا دوبارہ آغاز

کوئٹہ/چمن(صباح نیوز) افغان شیلنگ سے متاثرہ ضلع چمن کے سرحدی دیہات کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں 14روز بعد مردم شماری کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے، سکیورٹی حکام کے مطابق تین روز میں مردم شماری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ ضلع چمن کے علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز پاک افغان فلیگ میٹنگ میں ہوا۔ افغان شیلنگ سے متاثرہ دیہات میں مردم شماری کا عمل تین دن میں مکمل کیا جائے گا، مردم شماری کیلئے ہر گھر کے سربراہ کی علاقے میں موجودگی یقینی بنائی گئی ہے تاہم دیگر متاثرہ افراد بدستور خیمہ بستی میں موجود ہیں۔ اس سے قبل کلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں 5مئی کو افغان شیلنگ کے بعد مردم شماری روک کر دونوں علاقے مکینوں سے خالی کرالیے گئے تھے۔