افغانستان میں امن کےلئے ہر ملک اپنی حدود میں کام کرے: شاہ محمود

برسلز (ریڈیو نیوز + نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان جنگ کے باعث پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر ملک اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرے۔ برسلز میں انٹرنیشنل سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے معاشی نقصان کا ازالہ نہیں کیا گیا‘ عالمی برادری پاکستان کے لئے اعلان کردہ امدادی فنڈز جلد جاری کرے۔ انہوں نے یورپی ملکوں سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔ نیٹو کونسل سے خطاب اور برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو طالبانائزیشن کا شکار نہیں ہونے دینگے‘ پاکستان اور بھارت کو 63 سال سے جاری سخت رویہ ترک کرنا ہوگا۔ دریں اثناءشاہ محمود نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ خطے میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ہے لہٰذا مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ضروی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر برسلز کے چیف ایگزیکٹو بیرسٹر عبدالمجید ترمبو سے ملاقات میں کیا۔