سندھ‘ بلوچستان میں پانی کا تنازعہ سنگین‘ مظاہرین نے سیف اللہ کینال بند کر دی

لاڑکانہ (نیٹ نیوز) لاڑکانہ میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کی تقسیم کا تنازع سنگین ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاڑکانہ میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کی تقسیم کے تنازعے کے دوران مظاہرین نے سیف اللہ کنال کا پانی بند کر دیا جبکہ بلوچستان کے وزیر رستم جمالی کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے کیرتھر کینال پر احتجاجی دھرنا دیا۔ دریں اثناء سندھ کے صوبائی وزیر سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف اللہ مگسی کینال کو بند کرنے والوں کے خلاف آبپاشی قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیف اللہ مگسی کینال کو بلوچستان حکومت سے رابطہ کے بعد کھول دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی کا کہنا تھا کہ ان باتوں میں صداقت نہیں کہ سندھ بلوچستان کے حصے کا پانی چوری کر رہا ہے۔