خطے میں بدامنی کی وجہ تنازع کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی ہے، وزیر صنعت آزاد کشمیر

لاہور (سٹی رپورٹر) غلام محی الدین دیوان وزیر صنعت و معدنیات حکومت ریاست آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا اور بالخصوص برصغیر میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا اس خطہ میں بدامنی کی وجہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی وہ قراردادیں ہیں جن کو اقوام متحدہ نے اور بھارت نے تسلیم کیا اور پوری دنیا کے سامنے حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا اور کشمیریوں کی پاکستان سے الحاق کی قرارداد ایک حقیقت ہے۔ ووزیر صنعت نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ بھارت نے مسلسل فوج کشی کر کے ان کی زندگی کو اجیرن کر دی ہے۔ وہ کشمیر سنٹر لاہور میں یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مرزا محمد جرال ڈائریکٹر کشمیر سنٹر لاہور نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس کو حل کئے بغیر خطہ میں پائیدار امن نہیں ہو سکتا اور یہ حقیقت ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم نے پاکستان کی سالمیت کو پیش نظر رکھ کر شہ رگ قرار دیا تھا۔ اس موقع پر محمد فاروق آزاد، غلام قادر ملک، مرزا محمد عارف، محمد شہزاد مصطفیٰ کمال جرال، چودھری عبدالرشید، ڈاکٹر محمد صادق، چودھری غلام نبی نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔