انٹرپارٹ ون کے نتائج‘ لاہور‘ گوجرانوالہ میں کامیابی کا تناسب 39 فیصد رہا

لاہور + گوجرانوالہ (اپنے نمائندے سے + نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات 2011ءکے نتائج کا اعلان کر دیا گیا تاہم آن لائن سسٹم میں خامیوں کے باعث امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ نے ”ادھورے“ نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب امیدواروں نے شرکت کی اور کامیابی کا تناسب 39 فیصد رہا۔ آن لائن سسٹم بری طرح فلاپ ہو گیا جبکہ 20 ہزار سے زائد امیدوار اس سسٹم کی بھینٹ چڑھ گئے۔ آن لائن کے مطابق لاہور بورڈ میں ایک لاکھ 32 ہزار 79 امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کرائے جن میں سے ایک لاکھ 24 ہزار 72 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 49 ہزار 435 امیدوار کامیاب اور 75 ہزار 267 طلبہ فیل ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مجموعی طور پر 91312 امیدواروں کے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے صرف 36101 امیدوار کامیاب ہو سکے جبکہ 55211 فیل ہو گئے۔ پری میڈیکل میں 7766 امیدواروں میں سے 4367 پاس ہوئے‘ پری انجینئرنگ گروپ کے 7535 میں سے 3548 امیدوار پاس ہوئے‘ آرٹس گروپ میں ریکارڈ 54194 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور ان میں سے 19307 پاس ہو سکے اور جنرل سائنس گروپ کے 7409 میں سے 2856 اور کامرس گروپ کے 14408 میں سے 6023 نے کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کا تناسب 39.53 فیصد رہا۔ سرگودھا بورڈ میں کامیابی کا تناسب 34.91‘ بہاولپور میں 33.69 فیصد رہا۔