مردان میں معصوم بچی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری نے صوبے کی مثالی پولیس کا پول کھول دیا: حیدر ہوتی
صوابی ( نامہ نگار )اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مردان میں چار سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنا افسوسناک ہے ،ملزمان کی عدم گرفتار ی نے خیبرپختونخوا کے مثالی پولیس کا پول کھل دیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع بام خیل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جلسے سے صوبائی سیکرٹری جنرل سردار حسین بابک ،سینیٹر ستارہ آیاز ،ضلع ناظم امیر رحمن اور ضلعی جنرل سیکرٹری محمد اسلام خان نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں نے سینکڑوں کی تعداد میں اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ،جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیرحیدر خان ہوتی نےکہا کہ باچاخان کے پیروکار 2018 کے الیکشن میں سونامی کو بنی گالہ میں دفن کرے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کےلئے پختونوں کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا ،نیازی خان نے سیاست میں ناچ گانا لاکر سیاست کو غیرسنجیدہ کردیا ،انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو خودکش دھماکوں اور دہشتگردی سے ختم نہ کیا گیا تو پرویز خٹک اینڈ کمپنی اس عوامی طاقت کو کیسے ختم کرے گی ،ہماری منصوبوں پر جعلی افتتاح کرنے والوں شرم آنی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی بلین ٹری منصوبہ کرپشن سے بھری ہوئی ہے ،کرپشن کے خاتمے کا واویلا کرنے والوں نے خیبرپختونخوا میں اپنے ہی احتساب کمیشن کو تالے لگوائے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی کے پانچ سالہ دور حکومت میں 10یونیورسٹیاں بنائی گئی جبکہ صوبے میں سکولز اور کالجز کا جال بچھایا گیا اور بچوںکےلئے تعلیم مفت کردی تھی ،پولیس شہداءکےلئے پیکج کو 5لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ تک پہنچایا ،انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو صوبے میں پولیس نفری 40 ہزار تھی اور جب ہم حکومت چھوڑ رہے تھے تو میں نے اسے 70ہزار تک پہنچایا تھا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خیبرپختونخوا میں بچیوں کے ساتھ زیادتی نظر نہیں آرہی ہے جبکہ پنجاب میں اس قسم کے واقعات پر احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں ،یہ پی ٹی آئی کی کونسی تبدیلی ہے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نو تعمیر کردہ حیات آباد پُل بنتے ہی ناکارہ ہوچکا ہے یہ پی ٹی آئی کی کرپشن واضح ثبوت ہے ،پی ٹی آئی نے اگر تبدیلی کی ہے تو کرپشن میں کی ہے اور اس حوالے سے ثبوت یہ ہے کہ اُن کے اپنے ہی وزراءکا وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں ،پی ٹی آئی کے سونامی نے خیبرپختونخوا کو تباہ کر رکھ دیا جبکہ اس کے برعکس صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،انہوں نے کہا کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی آئندہ الیکشن میں فارغ ہوکراپنی تعلیمی اداروں پرتوجہ دینگے ،صوابی کےلئے اُس نے کچھ بھی نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ آج پورے صوبے میںعوام دھڑا دھڑ اے این پی میں شامل ہورہے ہیں ،پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے عوام نے اپنی قیادت پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے لیکن صرف پختون ہی آپس میں منتشر ہے ،آج پختون قوم و اتحاد کی اشد ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تعلیم ،صحت اور پولیس کے محکموں میںاصلاحات نہیںکئے،انہوں نے کہا کہ عوام 2018 کے انتخابات میں سونامی کو مسترد کرکے لالٹین کے آگے مہر لگادینگے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کارکنوں سے 28جنوری کو پشاور باچاخان اور ولی خان بابا کے برسی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔