افغان پناہ گزینوں کے قیام میں مزید توسیع نہ کر نے کا فیصلہ
پشاور (آن لائن) پاکستان امریکہ تعلقات میں تعطل کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان میں مقیم 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے ان کی واپسی کے لئے ایک ہنگامی پلان بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے ریاستی اور سرحدی علاقوں (سیفران) کی وزارت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ حکومت ملک میں مقیم پناہ گزینوں کے قیام میں مزید توسیع نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ 31 جنوری کے بعد ان کے قیام کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی اور پناہ گزینوں کو اپنے ملک واپس جانا پڑے گا۔خیال رہے کہ پناہ گزینوں کی قانونی طور پر قیام کی مدت گزشتہ برس 31 دسمبر 2017ءکو ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے ان کے ملک میں قیام کو صرف ایک ماہ کے لئے بڑھا دیا تھا۔