خودکش حملہ: مزید 5 جاں بحق‘ حکومتی حامیوں کے جنازوں‘ شادی تقاریب کو نشانہ بنائینگے: طالبان

پشاور / اسلام آباد (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) لوئر دیر کے علاقے ثمر باغ میں نماز جنازہ کے دوران خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہو گئی‘ انہیں جمعہ کے روز سپرد خاک کر دیا گیا۔ طالبان نے دھمکی دی کہ جو بھی ہمارے خلاف حکومتی حمایت میں کی جانے والی سرگرمیوں میں حصہ لے گا ایسے افراد کی شادی کی تقاریب اور جنازوں کو نشانہ بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ثمرباغ کے علاقے لابرگ کلے میں گزشتہ روز بھی فضا سوگوار رہی‘ مقامی انتظامیہ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے تدفین میں مشکلات رہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خودکش حملہ آور پندرہ سولہ سال کی عمر کا لڑکا تھا۔ آئی این پی کے مطابق حملہ آور کا سر تحقیقات کے سلسلے میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ مزید 2 بمباروں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی الرٹ رہی۔ طالبان ترجمان سراج الدین کے مطابق امریکہ اور پاک فوج کی مدد کرنے والوں کا حشر لوئر دیر حملے جیسا ہو گا۔