مظفرگڑھ: مطالبات کے حق میں ایپکا کی ہڑتال ‘ دھرنا
مظفرگڑھ(نامہ نگار) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی اوراحتجاجی دھرنادیا۔تفصیلات کیمطابق ایپکا کی جانب سے اپنے مطالبات حق میں ہڑتال کی گئی،مظاہرین نے ضلعی صدر ایپکا وزیرخان دستی اور جنرل سیکرٹری فضل شاکروگ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں احتجاجی دھرنا دیا۔ایپکا کا مطالبہ تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیاجائے، ان کا مطالبہ تھا کہ پنجاب حکومت 60 فیصد ایڈہاک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرے،یوٹیلیٹی الاؤنس اور موجودہ شرح کیمطابق ہاؤس رینٹ، گروپ انشورنس اور بینڈولنٹ فنڈدیاجائے، مظاہرین کا یہ بھی کہناتھا کہ پنجاب کے کلرکس کی تنخواہیں دیگرصوبوں کے کلرکس سے کم ہیں، تنخواہوں کو دیگرصوبوں کے برابر کیاجائے، اس موقع پر کلرکس نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔