اسلامی دنیا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں : چین

بیجنگ (اے پی پی) چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر جیاکنگ لون نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسلامی دنیا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانا چاہتا ہے اور چین کی اسلامی کمیونٹی کو دنیا کی ایک بڑی غیر سرکاری تنظیم مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ برادرز تعلقات کو مضبوط بنانا چاہیے۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل عبداللہ بن عبدالمحسن الترکی کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور اسلامی دنیا نے اہم عالمی ایشوز پر سالہا سال سے تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔ چین کی مذہبی پالیسیوں کے متعلق جیاکنگ لون نے کہا کہ چین مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کے اقدار کا احترام اور مذہبی آزادیوں کا تحفظ کرتا ہے۔ اس موقع پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان کے وفد کے دورہ چین کا مقصد چینی حکومت‘ اسلامی کمیونٹی اور چینی مسلمانوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں اضافہ کرنا ہے۔