تحریک انصاف اسی سال اقتدار میں آئے گی کل کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے : عمران خان
کرک (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسی سال تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی‘ منی لانڈرنگ کرنے والوں اور چوروں سے پیسہ واپس لے کر تعلیم پر لگائیں گے۔ کرک میں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے پراجیکٹس کے باہر بھیجے ہوئے پیسے واپس لائیں گے‘ بدقستی سے ملک میں تعلیم کو اہمیت نہیں دی گئی۔ جامعہ کے وی سی جو مطالبات کر رہے ہیں وہ انہیں فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کو تعلیم دینا ہے‘ کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے سو سے زائد گراﺅنڈ بنا چکے ہیں۔ حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر بھجوایا‘ مشکل وقت بہتری اور سکھانے کیلئے آتا ہے۔ میں اچھا نہیں کھیلا اس لئے مجھے نکال دیا گیا۔ میں نے نہیں کہاکہ مجھے کیوں نکالا۔ ناممکن کا لفظ میں کئی بار سن چکا ہوں مگر میں نے محنت کی۔ آپ کوئی بڑا کام کرنے لگیں گے تو لوگ کہیں گے یہ ناممکن ہے۔ پہلی بار کھیلا تو ہارنے کا خوف ہوتا تھا۔ بھارت سے ہارے تو ٹیم نے اجلاس کیا کہ کب وطن جائیں۔ کرکٹ ٹیم ہاری تو ساڑھے 4 بجے رات وطن واپس پہنچے۔ جس طرح شہبازشریف قصور میں رات کو پہنچا تھا۔ خوف سے کھیلنے والا کبھی بڑا کرکٹر نہیں بنتا۔ بانی ایم کیو ایم کیخلاف کھڑا ہوا تو لوگوں نے کہا مروا دے گا۔ کامیاب انسان یہ نہیں سوچتا کہ ہار گیا تو کیا ہو گا اپنی شادی کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ایک دن صبح ورزش سے واپس آیا تو ڈھیر سارے پیغامات موبائل پر ملے‘ ملازم نے کہا کہ کئی سیاستدانوں نے فون کیا کہ وہ جلدازجلد آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے سوچا کہ سوتے میں کسی کو قتل تو نہیں کر دیا۔ سوچا ٹرمپ نے حملہ تو نہیں کر دیا یا مودی مسلمان تو نہیں ہو گئے۔ پتہ چلا کہ قومی بحران پیدا ہو گیا ہے عمران نے رشتہ مانگ لیا ہے۔ آرام کی زندگی میری کبھی نہیں رہی۔ شادیوں پر نہیں جاتا۔ کرک میں پانی کے مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ 17جنوری کو احتجاج میں شرکت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔ جنوبی اضلاع میں لوگوں کی شکایت پر پانی فراہمی کی سکیم بنائی۔ خیبر پی کے میں ہسپتالوں کی حالت دیگر صوبوں سے بہتر ہے۔ صحت اور تعلیم پر مزید بجٹ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پانی کا بحران آنے والا ہے۔
عمران