شہباز شریف کا حمید سیالوی کو فون‘ رانا ثنا کے استعفے سمیت تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی: ذرائع
ساہیوال /سرگودھا(محمد شفیق چوہدری سے+نامہ نگار) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے حمید الدین سیالوی سے رابطہ کیا ہے اور رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ سمیت تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ معتبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف نے محمد حمیدالدین سیالوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ وہ گوجرانوالہ ختم نبوت کانفرنس کچھ ایام کے لئے موخر کریں اور انہیں تحفظات دور کرنے کا موقع دیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کو مستعفی ہونے پر رضامند کر لیں گے۔ ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ کانفرنس کو 17دسمبر سے 24دسمبر تک اسی وجہ سے موخرکیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے جب پیر آف سیال شریف سے رابطہ کیا گیا تو ان کے ترجمان نے کہا کہ کانفرنس کا التوا پیر صاحب کی مصروفیات کی وجہ سے کیا گیا ہے اور چوبیس دسمبر کو ہر صورت گوجرانوالا میں عاشقان رسول اکٹھے ہوں گے ۔ علاوہ ازیں عمران خان اور شاہ محمود قریشی آئندہ ہفتے حمید سیالوی سے ملاقات کرینگے جس کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔