رینٹل پاور کیس، ملزموں کے منجمد اکاﺅنٹس بحال کر دئیے گئے

اسلام آباد (وقت نیوز+نمائندہ نوائے وقت) رینٹل پاور سکینڈل کے ملزموں کے منجمد بنک اکاﺅنٹس بحال کر دئیے گئے۔ حکومتی شخصیات سمیت بااثر افراد کے بنک اکاﺅنٹس عدالتی حکم پر منجمد کئے گئے تھے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ بحال ہونے والے اکاﺅنٹس سے ماہانہ 10 لاکھ روپے نکالے جا سکتے ہیں زیادہ رقم کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر سے اجازت لینا ہو گی۔ سابق وفاقی وزراءراجہ پرویز اشرف، شوکت ترین سمیت 8 افراد کے اکاﺅنٹس منجمد کئے گئے تھے۔ آئندہ چند روز تک رینٹل پاور کمپنیوں کو بھی ایک مخصوص رقم نکلوانے کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔ نیب حکام نے 12 اپریل کو سٹیٹ بنک کو لکھے گئے ایک مراسلہ میں اس حوالے سے احکامات جاری کئے جنکی روشنی میں تمام متعلقہ بنکوں کو مذکورہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔