مسلم لیگ ن نے ملک کو کنگال کیا، معاشی ایمرجنسی لگائی جائے، کپتان اپنی دنیا مین مست ہیں : زرداری

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک کے گاﺅں گیا تھا وہاں بھی مجھے نیا پاکستان نہیں ملا، صرف کچرا نظر آیا، جب بھی مسلم لیگ ن کو حکومت ملی اس نے ہمیشہ ملک کو کنگال کیا، پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا خزانہ بھرا۔ کپتان صاحب اپنی دنیا میں مست ہیں، ان کی نظر میں سب سے اچھا بندہ پرویز خٹک ہے۔ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی لوگوں کو ملازمتیں دیں، چھینی نہیں، لوگوں کو گیس اور ٹرانسفارمر کی ضرورت ہے۔ سندھ اب تک 150 میگاواٹ بجلی دے چکا ہے، خیبر پی کے نے ایک میگاواٹ بھی نہیں دی۔ لاہور کے حلقے این اے 120 میں ضمنی الیکشن ہوئے تو لوگوں کو روزگار ملا۔ پچھلے چار سال میں نواز شریف نے کچھ نہیں کیا۔ ضمنی انتخاب میں میاں صاحب کے حلقے میں مریم نواز گئیں تو راتوں رات کام ہو گئے۔ پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آئی ایکسپورٹ اور فنانس بڑھی، دوبارہ حکومت کا موقع ملا تو لوگوں کو نوکریاں دیں گے، ملک معاشی لحاظ سے کمزور ہو رہا ہے تو کوئی تو ذمہ دار ہو گا۔ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگائی جائے۔ پارلیمنٹ کو اپنے مسائل کے حل خود نکالنے چاہئیں۔ ہمارے دور میں ایک جج صاحب ٹکر میں تھے، گیلانی کو گھر بھیج دیا تھا، ہمارے دور میں بھی وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا تھا، اقتدار کی منتقلی آرام سے ہو گئی تھی۔ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ میاں صاحب! آپ کو شک ہے تو نکلے کیوں۔ اگر وہ بے قصور تھے تو وہ نکلے ہی کیوں؟ کالعدم تنظیمیں کیسے جمہوری ہو سکتی ہیں۔ مذہبی جماعتیں تو پہلے ہی سیاست میں ہیں۔ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کریں گے۔ ہمارے وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا تو ہم نے کوئی جلوس نہیں نکالا۔ این اے 4 کے الیکشن میں سب کچھ واضح ہو جائے گا۔ پاکستان کی سٹرٹیجک لوکیشن ہی ایسی ہے خطرات رہتے ہیں۔ تین جنگیں لڑ چکے ہیں اب بھی خطرات ہیں۔ ہمارے دور میں دنیا میں معاشی بحران تھا، اب ایسا نہیں۔ مسلم لیگ ن نے قرضہ بت بڑھایا ہے جسے اتارنا بھی ہے۔ فاٹا کے معاملے پر سب سے پہلے بے نظیر بھٹو سپریم کورٹ گئی تھیں، بے نظیر بھٹو نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لایا جائے۔ خطرات سے گھبرانا نہیں بلکہ نمٹنے کی حکمت عملی بنانی چاہئے۔ حکومت میں آ کر خیبر پی کے کو سپیشل پیکیج دیں گے۔