صوابی ‘ صحافی ہارون خان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا
صوابی ( نامہ نگار) صوابی خاص میں مقامی صحافی ہارون خان کو نامعلوم افراد نے گھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ، پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شب ہارون خان اپنے گھر واقع محلہ شمشہ خیل کے سامنے کھڑے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے آکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہارون خان موقع پر جاں بحق ہوگئے ،مقتول کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ڈی پی او اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ،ایس ایچ او تھانہ صوابی کے مطابق مقتول کے بھائی نے بتایا کہ ہمارا کسی کے ساتھ دشمنی نہیں ہے ،وجہ قتل اور ملزمان معلوم نہیں ، صوابی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،صوابی کے صحافیوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کا سراغ لگا کر جلد از جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔