بارش کے بعد اگنے والی جڑی بوٹیاں فصلوں کی پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بارش کے بعد اگنے والی جڑی بوٹیاںفصلوں کی پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چند روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور سردی بڑھنے کا امکان ہے اس لئے کاشتکار اپنی فصلات پر خصوصی توجہ دیں۔ بارشوں کے دوران گندم کی فصل کی خصوصی دیکھ بھال کریں کیونکہ بارش کے بعد فصل میں جڑی بوٹیاں اگ آتی ہیں۔گندم کے کاشتکار بارش کی صورت میں کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کویقینی بنائیں کیونکہ یہ گندم کی پیداوار کو 14 سے 42 فیصدتک کم کرسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ سردی کے باعث پانی فصلوں کے تنوں اور پتوں میں جم جاتا ہے جس سے پودوں کی نشوونما کا عمل متاثر ہوتا ہے لہٰذا کاشتکارزیادہ سردی کی صورت میں فصلوں کی ہلکی آبپاشی ضرور کریں۔چھوٹی سبزیوں یانرسریوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں۔ نائٹروجنی کھاد کا استعمال محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے کریں تاکہ پودوں کی بھرپور نشوونما ہوسکے۔