جنوبی چین میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث50 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ

بیجنگ (اے پی پی) جنوبی چین میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث50 افراد ہلاک اور متعددلاپتہ ہوگئے جبکہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ایک کروڑ 70لاکھ سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے ۔ چین کی وزارت شہری امور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی چین کے 9صوبوں میں گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں کے باعث نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جبکہ سیلاب کے باعث42ہزار مکانات مکمل طور پر تباہ اور ایک لاکھ 21ہزار سے زائد مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف واقعات میں15افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیاں بھی بڑے پیمانے پر تیز کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب چینی حکام نے متاثرہ علاقوں کے مقامی باشندوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ امدادی ٹیموں نے شدید متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو حفاظتی مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔