گوجرانوالہ : دو کاروں میں تصادم پانچ افراد جاں بحق‘ ایک شدید زخمی

گوجرانوالہ + وزیرآباد (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) دو کاروں کے تصادم میں پانچ افراد جاںبحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے نواحی علاقہ منصوروالی کے نزدیک دھند کے باعث تیز رفتار دو کاریں بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں جس سے کاروں میں سوار بلال‘ حمیر‘ تحسیر‘ شیراز‘ ذوالفقار اور ایک نامعلوم نوجوان زخمی ہو گئے جن میں سے دو بھائی بلال اور تحسیر‘ حمیر‘ اور نامعلوم نوجوان کسی قسم کی طبی امداد ملنے سے پیشتر ہی دم توڑ گئے جبکہ اشرف اور ذوالفقار کو مخدوش حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا جہاں پر اشرف بھی دم توڑ گیا، حادثہ میں دونوں گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے تاہم علاقائی پولیس مصروف تفتیش ہے۔ علاوہ ازیں پنڈی گھیب سے آئی این پی کے مطابق پنڈی گھیب میں تیز رفتاری کے باعث مسافر ویگن کے درخت سے ٹکرانے کے باعث 3 افراد جاںبحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ واقعہ اٹک کے علاقے پنڈی گھیب میں پیش آیا جہاں راولپنڈی جانے والی مسافر ویگن تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 3 مسافر موقع پر جاںبحق ہو گئے جبکہ 10 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ چند مسافروں کی حالت تشویشناک بھی بتائی جاتی ہے۔
حادثہ