کئی ممالک میں امریکی کمانڈوز کا غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی(نوائے وقت نیوز)دنیا بھر میں امریکی کمانڈوز کی دہشت گردی کے خلاف خفیہ کارروائیوں کے نام پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ لکھتا ہے کہ شمالی افریقہ کے ملک مالی کے نائیگردریا میں ایک لینڈ کروزر گرنے سے 6افراد ہلاک ہوئے جنمیں تین مرد اور تین خواتین شامل تھیں۔ ریسکیو ٹیمیں یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ مرنے والے تینوں مرد امریکی کمانڈو اور تینوں خواتین مراکش کی کال گرل تھیں۔اخبار لکھتا ہے 20اپریل کے حادثے نے بے نقاب کردیا کہ امریکی سپیشل فورسز کئی ماہ سے مالی میں کام کر رہی ہیں ۔اخبار نے دنیا بھر میں امریکی کمانڈوز کی کرتوتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ وہاں پر جس مشن کے لئے تعینات کیے گئے ان پر ان کی توجہ کم بلکہ غیرا خلاقی سرگرمیوں پر زیادہ ہے ۔