چونیاں: گیس لیکج سے دھماکہ، تین منزلہ عمارت منہدم، دب کر 2 بچے جاں بحق

چونیاں/ قصور (نامہ نگاران) کچن میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکہ سے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دب کر 2 کمسن بچے جاں بحق، ماں، نانی اور ایک بچہ شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق اندرون قلعہ روپا سنگھ کے گنجان آباد علاقے میں اویس احمد کے گھر کے کچن میں گیس بھر جانے سے اچانک دھماکہ ہو گیا جس کے باعث تین منزلہ عمارت منہدم ہو گئی جس کے باعث گھر میں سوئے اویس احمد کے 2 بچے 7 ماہ کا ثاقب اویس اور 2 سالہ نور فاطمہ دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ اویس احمد کی بیوی نازیہ بچوں کی نانی مجیداں بی بی اور ایک بیٹا قاسم اویس شدید زخمی ہو گئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اہل محلہ نے فائر بریگیڈ کی گاڑی نہ آنے پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گاڑی پانی چھڑکنے کے لئے سڑکوں بازاروں کے لئے ٹھیک ہے، کوئی ناگہانی حادثہ پیش آجائے تو عملہ غائب اور گاڑی خراب بتائی جاتی ہے۔ ڈی سی او قصور، اے سی چونیاں، مقامی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں جبکہ کمسن بچوں کو ان کے آبائی گا¶ں ٹالی عمر بگا میں سپردخاک کر دیا۔ شدید زخمی خواتین کو میو ہسپتال برن وارڈ بھیج دیا گیا۔
گیس لیکچ، بچے جاں بحق