سپریم کورٹ سے نااہل ہونیوالے 18 ارکان اسمبلی کیخلاف کیسز تیار کر لئے: الیکشن کمشن

اسلام آباد (جی این آئی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ سے نااہل قرار دئیے جانے والے اٹھارہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف کیسز تیار کر لئے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر جن ارکان کے خلاف کیسز تیار کئے گئے ہیں ان میں قومی اسمبلی کے نوید جٹ‘ جمشید دستی‘ جاوید حسنین‘ حیات اللہ ترین‘ مدثر قیوم ناہرا‘ غلام دستگیر راجڑ‘ فیض ٹمن‘ عامر یاروارن شامل ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے ارکان میں اعظم چیلا‘ محمد رﺅف خالد‘ ناصر محمود‘ محمد اجمل‘ آصف اللہ وسایا‘ نغمہ مشتاق‘ میر بادشاہ قیصرانی‘ رانا مبشر اقبال‘ رضوان گل اور حبیب اللہ کنڈی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشنر نے ان ارکان کے خلاف کارروائی کیلئے کیسز تیار کر لئے ہیں اور الیکشن کمشن کے ارکان کا تقرر ہوتے ہی یہ کیسز مزید کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بھجوا دئیے جائیں گے۔