نگراں حکو مت گٹھ جوڑ پر مبنی نہیں ہونی چاہئے، افتخار چوہدری
حیدرآباد(نامہ نگار) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو سے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے قاسم آباد پہنچ کر تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر افتخار چوہدری نے کہا کہ آئندہ نگراں حکومت گٹھ جوڑ پر مبنی نہیں ہونی چاہئے جب کہ اس سے قبل کرپشن کے خاتمے کے لئے بے رحم احتساب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو نشانہ بنانے سے انصاف سوالیہ نشان بن جائے گا اداروں کے ساتھ ٹکرائو کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس موقع پر قومی عوامی تحریک کے صدر ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے کرپشن، پانی، زمینوں پر قبضے اور دیگر معاملات پر تبصرے اور ریمارکس شاندار ہیں لیکن اب سندھ کے عوام منتظر ہیں کہ ان اہم تبصروں اور ریمارکس کے بعد سندھ کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔ دونوں رہنمائوں نے بیت المقدس کو اسرئیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بیت المقدس دنیا بھر میں مسلمانوں کے لئے انتہائی مقدس اور قابل احترام سرزمین ہے۔ انہوں نے او آئی سی سی، شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو بیت المقدس کو دارالحکومت بنانے سے روکیں۔