ملک حالت جنگ میں ہے،مشرف کی لگائی آگ کے باعث ایک کھرب ڈالر کا نقصان ہو چکا:برجیس طاہر

سانگلہ ہل( اے این این ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان  چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ملک میں پرویز مشرف کی لگائی گئی آگ کے باعث اب تک ایک کھرب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے اور جب تک ملک میں امن نہیں ہو گا سرمایہ کاری نہیں ہو گی اور جب ملک میں سرمایہ کاری ہو گی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگلہ ہل اپنے ڈیرہ پر مختلف عوامی وفود، لیگی ورکروں اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ برجیس طاہر نے مزید کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک میں انتشار پیدا کر کے ملک کا امن تباہ کر رہے ہیں اور یہ لوگ ملک کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں مگر ہم ان کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب پرویز مشرف نے طاہر القادری کو ملک کا وزیر اعظم نہ بنایا تو وہ دلبرداشتہ ہو کر کینیڈا چلے گئے اور اب پھر وہ ملک کا امن خراب کرنے کیلئے واپس پاکستان آ گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئندہ الیکشن تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دے گی اور آج ملک حالت جنگ میں ہے اور جو شمالی وزیرستان میں ہو رہا ہے وہ سب کو معلوم ہے وہاںپر ہمارے بھائی دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ۔
برجیس طاہر