کوئٹہ: بم پھٹنے سے خودکش حملہ آور مارا گیا ‘ سکیورٹی فورسز قافلے کے قریب دھماکہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ اے پی اے) کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارہ ٹاﺅن کی منور کالونی میں خودکش دھماکے سے حملہ آور خود ہی ہلاک ہو گیا۔ حملہ آور عصر کے وقت امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ کرنا چاہتا تھا جیسے ہی اس نے ہزارہ ٹاﺅن سے نکل کر منور کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اس کے جسم کے ساتھ بندھا ہوا دھماکہ خیز مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس سے وہ خود ہلاک ہو گیا۔ دوسری طرف میاں غنڈی میں نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے سکیورٹی فورسز کے کانوائے کو نشانہ بنایا جس سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔