ایران ایٹمی فیول کے حوالے سے عالمی پیشکش قبول کرے: روس‘ چین کا مطالبہ

نیویارک (آئی این پی) روس اور چین نے ایران پر زوردیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی نیوکلیئر فیول سے متعلق پیشکش قبول کرلے، امریکہ، برطانیہ اورفرانس کا کہنا ہے کہ تہران پر نئی پابندیاں لگانے کا وقت آگیا ہے۔
اقوام متحدہ سے جاری بیان کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران کے ایٹمی معاملے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں روسی سفیر وائٹلی چرکن نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اب بھی ایران سے مذاکرات کئے جاسکتے ہیں اور تہران کا جوہری مسئلہ بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہئے۔انھوں نے ایران سے کہا کہ عالمی طاقتوں کی تشویش دور کرنے کےلئے اسے اقوام متحدہ کی پیشکش تسلیم کرلینی چاہئے۔چین کے نائب سفیر لیو زینمن نے کہا کہ مغربی ممالک سے کشیدگی کم کرنے کےلئے ایران کو آئی اے ای اے سے مزید تعاون کرنا چاہئے۔امریکی سفیر سوسن رائس نے کہا کہ ایران عالمی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کررہا اس لیے ضروری ہے کہ اب اس پرمزید پابندیاں لگائی جائیں۔اس موقع پر برطانیہ اور فرانس کے نمائندوں نے ان کی تائید کی۔