پشاور اور خیبر ایجنسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ‘ پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاںبحق

پشاور + لنڈی کوتل (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) پشاور کے نواحی علاقہ پشتخرہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاںبحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے تھانہ پشتخرہ کی حدود میں امید آباد کے علاقہ میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چرچ کے باہر تعینات شہزاد گل نامی پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا۔ اہلکار کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ شرپسند فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں خیبر ایجنسی میں مسافر پک اپ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاںبحق 3 زخمی ہو گئے۔ مسافر پک اپ اکاخیل سے قریبی بازار جا رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے زاوہ کے مقام پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد خاصہ دار فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اہلکار جاںبحق