پابندیوں کے باوجود ایران کی صنعتی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا: احمدی نژاد

تہران (این این آئی) ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ تمام مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ملک نے بہت ترقی کی ہے اور اس پر ایران کو فخر ہے۔ تہران میں یوم صنعت و معدنیات کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر نے کہا کہ مغربی ممالک ایران میں صنعتی، پٹرولیم اور گیس کے کارخانے نہ بنانے کے مختلف بہانے کرتے ہیں لیکن اس سے قبل مغربی ممالک ایران کے پیسے سے ایران کے لئے کام کیا کرتے تھے لیکن اپنے غیر قانونی مطالبات منوایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چار برس قبل جب مغربی ممالک نے ایران پر پابندیاں لگائیں تو ایران کی برآمدات 6 ارب ڈالر تھیں لیکن گذشتہ برس یہ بڑھ کر 18 ارب ڈالر ہو گئی ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایرانی صنعت کاروں کی ہمت سے آئندہ تین برسوں میں 60 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی صنعتی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ہے اور آج ایرانی برآمدات ملک کے لئے باعث افتخار ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ دشمن کا کینہ اور مخاصمت ایران کی ترقی کی وجہ سے ہے اور ساری دھمکیاں، سیاسی دباﺅ اور مغرب کی پابندیاں ایران کو صنعتی مرکز بننے سے روکنے کیلئے ہیں۔