ایوان صدر کو سیاست سے پاک رکھوں گا: ممنون حسین

بہاولنگر(نمائندہ نوائے وقت) نومنتخب صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کسی خاص پارٹی نے بلکہ پورے ملک کے عوام کا صدر ہوں۔ اپنے عمل اور قول وفعل سے ظاہر کروں گا کہ غیر متنازعہ صدر ہوں۔ ایوان صدر کو سیاست سے پاک رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی ایم پی اے حلقہ پی پی 278میاں شوکت علی لالیکا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ جیسے ادنی کارکن پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملک کے اعلی منصب صدر کےلئے منتخب کیا انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گذر رہا ہے اور ناز ک صورتحال کا تقاضہ ہے کہ تمام سیاسی قوتیں ملکر ملک کو تباہی کے دہانے پر جانے سے بچائیں اس موقع پر لیگی ایم پی اے شوکت علی لالیکا نے ضلع بہاولنگر کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے نو منتخب صدر کو بتایاکہ جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ پسماندہ ضلع بہاولنگر ہے جسکی ترقی کے لیے لیگی حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ نومنتخب صدر نے شوکت علی لالیکا کو یقین دلایا کہ وہ اپنے حلف اور دورہ پنجاب کے موقع پر ضلع بہاولنگر کا دورہ ترجیحی بنیادوں پر کریں گے اور وہاں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مدد کریں گے۔