ڈی ایف سی سمیت دو گندم مراکز کا عملہ معطل‘ دو افسر گرفتار‘ سب تحصیل سطح پر سستے تنور لگانے کا حکم

لاہور/ بہاولپور (خبرنگار خصوصی+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صوبے میں سب تحصیل سطح پر سستے تنور لگانے کا حکم دیا ہے۔ ڈیرہ غازیخان میں گندم خریداری مراکز کے اچانک دوروں کے دوران ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سمیت دو مراکز کا تمام عملہ معطل کر دیا‘ وہ بہاولپور بھی گئے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر باردانہ میں خوردبرد کرنے پر گندم خریداری کے دو مراکز کے دو فوڈ انسپکٹروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہاکہ کاشتکار آڑھتیوں کو ہرگز سستے داموں گندم فروخت نہ کریں‘ گندم خریداری عمل سے مڈل مین کا کردار ختم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے گذشتہ روز ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور میں گندم خریداری مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان کی تمام سب تحصیلوں کے سکولوں میں طلباء و طالبات کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کرنے کے لئے دو‘ دو بسیں دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں گندم خریداری مرکز پر گندم کی ٹرالیوں کو ان لوڈ کرنے میں تاخیر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پورے عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان کو اس مرکز کا تمام ریکارڈ سربمہر کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر کی غلہ منڈیوں میں انتظامیہ اور پولیس کے اہلکار تعینات کئے جائیں جو وہاں پر آنے والی گندم کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کریں کہ گندم مقررہ نرخوں پر خریدی گئی ہے کہ نہیں۔ کاشتکاروں کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی کاشتکاروں کے استحصال اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی‘ سستے تنوروں کا آغاز ڈیرہ غازی خان کی سب تحصیل کوٹ چٹھہ سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو عطائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹ چٹھہ کو ڈگری کالج کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے بہاولپور میں گندم خریداری مرکز بنی شیل کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ ہھجیی اور کوٹلہ موسیٰ خان کے مراکز خرید پر پائی جانے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور دونوں مراکز کے فوڈ انسپکٹروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں رپورٹ بھجوائیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں لانڈری کے قیام کا بھی حکم دیا۔ دریں اثناء شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں مقیم غیرملکیوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے امن و امان کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے کارروائی تیز کی جائے اور ان کی پناہ گاہوں کی چھان بین کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ فوری انصاف کے لئے پالیسیاں بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ پوری قوم کو متحد ہوکر کرنا ہو گا۔ فیصل آباد کی صنعتی و تاجر برادری کے وفد نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں حامد جاوید کی سربراہی میں وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ہوم سیکرٹری کو ہدایت کی کہ مجرموں کا پتہ لگانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے فون ٹریکنگ سسٹم قائم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری گندم کی خریداری مہم‘ باردانہ کی تقسیم اور کاشتکاروں کو گندم کی قیمت مقررہ نرخوں پر ادائیگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو گندم کی فروخت کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ شہبازشریف نے کہاکہ جن علاقوں میں باردانہ کی کمی ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر باردانہ فراہم کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو اپنی گندم فروخت کرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ پولی پراپلین بیگوں کی تیاری کے لئے ملوں کو آرڈر دیا جائے۔دریں اثناء شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں اب تک ناقص کارکردگی‘ باردانہ کی غیرمنصفانہ تقسیم و دیگر بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے والے محکمہ خوراک کے ایک ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر‘ 2اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سمیت 7اہلکاروں کو مطعل کر دیا گیا ہے‘ گندم خریداری مہم کے دوران اب تک محکمہ خوراک کے 69افسران و اہلکاروں کو معطل، 20کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے جبکہ ایک کو ملازمت سے برخاست کیا جا چکا ہے۔