اسلحہ کی نمائش، دادو میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دیں

دادو (آن لائن) دادو پی ایس 74 سے پیر مجیب الحق نے الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کو توڑا ہے، ہتھیاروں کی نمائش اور بڑی ریلی کی صورت میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے، مسلم لیگ ن کے امیدوار نے ریٹرننگ افسر کے پاس اعتراض جمع کرا دیا۔ مسلم لیگ ن پی ایس 74 کے امیدوار ظفر علی شاہ نے ریٹرننگ افسر فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج شان اللہ عباسی کے پاس پی پی کے نامزد امیدوار پیر مجیب الحق کے خلاف اعتراض جمع کرا دیا، مسلم لیگ ن کے امیدوار ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ کل پی پی کے امیدوار پیر مجیب نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کو پامال کیا اور قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ کورٹ کے احاطے میں سرعام ہتھیاروں کی نمائش کی اور شہر میں ہتھیاروں کے ساتھ بڑی ریلی نکالی جس سے شہر میں خوف وہراس چھا گیا، بڑی ریلی کی صورت میں کاغذات نامزدگی جمع کرائی، مسلم لیگ (ن) نے پی پی کے امیدوار کی نااہلی کے لئے اعتراض جمع کرایا۔ اس موقع پر ریٹرننگ افسر فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج شان اللہ عباسی نے کہا کہ ہم اعتراض الیکشن کمشن کو بھیج دیں گے نوٹس لینا اور نااہل کرنا الیکشن کمشن کا کام ہے۔
دادو/ ضابطہ اخلاق