بلوچستان کے علاقے آواران میں سات پولیس اہلکار مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے لبریشن آرمی کے اہم کمانڈر نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے
کوئٹہ(اےجنسیاں)بلوچستان کے علاقے آواران میں سات پولیس اہلکار مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے ۔جن کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیس ا ہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔ تاہم ان کے اغوا کے متعلق کہنا قبل از وقت ہے۔آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے جس دوران نہ صرف دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا رہا ہے بلکہ انکے ٹھکانے بھی تباہ کیے جا رہے ہیں۔ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے اہم کمانڈر نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق (بلوچستان لبریشن آرمی ) بی ایل اے کے اہم رہنما عبدالرسول عرف استاد نے ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا اور قومی دھارے میں شامل ہو نے کا اعلان کیا۔ عبدالرسول عرف استاد دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھا جو پسنی ، کولانچھ، دشت اور مند میں ساتھیوں کی مدد سے دہشتگردی کی کارروائیاں کرتا تھا۔ایف سی بلوچستان نے کوئٹہ میں سبزل روڈ کے قریب نصب دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا کر عید پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے دہشتگرد عید کے دنوں میں کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے تاہم دھماکا خیز مواد ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران کسی دہشتگردکی گرفتاری کے بارے تاحال نہیں بتایا گیا۔ دھماکا خیز مواد عید کی تقریبات کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔
پولیس اہلکار/اغوا