بلوچستان حکومت کا ریکوڈک پراجیکٹ معاملہ عدالت سے باہر نمٹانے کا فیصلہ
کوئٹہ (بی بی سی اردو) محکمہ خزانہ حکومت بلوچستان کے مطابق پاکستان میں اب تک جو 50 معدنیات دریافت ہوئی ہیں ان میں سے 40 بلوچستان سے حاصل کی جارہی ہیں۔ ثالثی کے دو بین الاقوامی فورمز پر زیر سماعت صوبہ بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اربوں ڈالر مالیت کے ریکوڈک پراجیکٹ کے معاملے کو حکومت نے عدالت سے باہر نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمد اچکزئی نے بتایا کہ یہ فیصلہ بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ ضلع چاغی میں واقع اس پراجیکٹ کو سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں کینیڈا اور چلی کی ایک جوائنٹ وینچر کمپنی، ٹھیتیان کاپر کمپنی(ٹی سی سی ) کے حوالے کیا گیا تھا۔نواب رئیسانی کی قیادت میں بلوچستان کی سابق مخلوط حکومت نے مائننگ کا لائسنس دینے کے لیے ٹی سی سی کے سامنے چاغی میں ریفائنری لگانے کی شرط عائد کی تھی۔ٹی سی سی نے اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی تھی جس پرکمپنی کو مائننگ کا لائسنس دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ٹی سی سی نے اس معاملے پر ثالثی کے لیے لندن اور پیرس میں دو بین الاقوامی فورمز سے رجوع کیا تھا۔تین سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال دونوں فورمز سے فیصلہ نہیں آیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمد اچکزئی نے بتایا کہ اب حکومت بلوچستان نے اس معاملے کو عدالت سے باہر نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی سی سی کے ساتھ دوبارہ کسی معاہدے کے امکان کے حوالے سے جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ’لازمی بات ہے کہ کمپنی کے ساتھ ہمارے معاملات خراب ہوگئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اب کوئی ایسے انویسٹر لائیں جو بلوچستان حکومت کے اور یہاں کے عوام کے تحفظات اور مفادات کو مدنظر رکھیں۔