کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ 3 پولیس اہلکاروں اور 2 خواتین پولیو ورکرز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
کوئٹہ (آئی این پی ‘آن لائن) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ پھر تیز ہو گیا۔ 3 پولیس اہلکاروں اور 2 خواتین پولیو ورکرز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ جمعرات کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل روڈ بلوچستان فلائی اوور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ ڈیوٹی پر کھڑے محمد الیاس اور شوکت موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اہلکار جاوید شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے 2 اہلکار کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔فائرنگ 9 ایم ایم پسٹل سے کی گئی۔ واضح رہے ایک ہفتہ قبل آر آر جی کے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔ تین روز قبل رئیسانی روڈ پر ٹریفک اہلکار کو بھی فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران پولیس پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ واقعات میں اب تک چار پولیس اہلکار شہید جبکہ2 زخمی ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔ دوسری جانب شالکوٹ میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو خواتین پولیو ورکرز جاں بحق ہوگئیں ۔ دونوں خواتین آپس میں ماں بیٹی تھیں ۔ نعشوںکو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
کوئٹہ فائرنگ