بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں شمولیت کیلئے تیار ہیں: ایران
کوئٹہ (صباح نیوز) کوئٹہ میں ایران کے قونصلر جنرل محمد رفیعی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران‘ پاکستان اور خاص طور سے صوبے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں شمولیت کیلئے آمادہ ہے۔ قونصلر جنرل محمد رفیعی نے بلوچستان سے متعلق پاکستان کی انرجی کی ضرورت کو پورا کرنے اور ترقی و پیشرفت میں ایران کے کردار سے متعلق منعقدہ نشست میں دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ 2 برس کے دوران طے پانے والے تجارتی و اقتصادی منصوبوں پر عمل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ محمد رفیعی نے ایران اور پاکستان کے درمیان طے شدہ متعدد منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر تنقید بھی کی۔ پاکستانی خواتین کے قومی کمشن کی رکن ثنا درانی نے بھی پاکستان کے صوبے بلوچستان کے 29 شہروں کے گیس اور توانائی سے بہرہ مند ہونے اوراس صوبے کو سی پیک منصوبے میں شامل نہ کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے حکومت اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ وہ مختلف شعبوں توانائی اور گوادر بندرگاہ میں پینے کے پانی کے بحران کے حل کے سلسلے میں حکومت ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دے۔