کوئٹہ: نامعلوم افراد کی وین پر فائرنگ‘ ہزارہ برادری کے 3 افراد سمیت 5 جاں بحق‘ ایک زخمی
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ میں کاسی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ شہر کے مصروف علاقے کاسی روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے وین کو نشانہ بنایا۔ وین میں سوار افراد ہزار گنجی سبزی منڈی جارہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی وین کاسی روڈ پر پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے وین پر اندھادھند فائرنگ کردی جس میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں 3 ہزارہ برادری کے افراد بھی شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں اور نعشیں ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا جہاں مرنے والوں کی شناخت حاجی محمد، صالح محمد، خادم حسین، سید سرور اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کے لئے اطراف کے علاقے میں ناکہ بندی کرلی۔ خیال رہے بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے، واضح رہے کہ گذشتہ 15 سال میں صوبے بھر میں ہزارہ کمیونٹی پر حملوں کے 1400 واقعات سامنے آئے۔ 10 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔