مستونگ میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان ہولناک تصادم‘ 15 افراد جاںبحق 25 زخمی
کوئٹہ(اے این این)صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق، 25زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے سبی جانے والی مسافر بس ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔سول ہسپتال کے ترجمان وسیم بیگ کے مطابق حادثے میں 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 6کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔لیویز کے مطابق حادثے میں زیادہ تر ہلاکتیں بس کے مسافروں کی ہوئیں۔انہوںنے کہا کہ حادثہ کا شکار ہونے والوں میں بچوں اور خواتین سمیت پکنک کیلئے جانے والے افراد بھی شامل تھے۔ملک کے مختلف شہروں میں ہر روز کئی ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں، جن میں کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ان ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں خراب سڑکیں، خستہ حالت گاڑیاں اور ڈرائیونگ میں غفلت شامل ہیں۔صدر ممنون حسین ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق وزیراعظم نوازشریف ،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ،جمعیت علماء اسلام( ف)امیر مولانافضل الرحمان سمیت دیگر اہم رہنمائوں نے ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔
مستونگ؍ حادثہ