بلوچستان‘ تخریب کاری کے منصوبے ناکام‘11 دہشت گرد گرفتار‘ بھاری اسلحہ‘ بارودی سرنگیں برآمد
کوئٹہ +راولپنڈی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنا کر کالعدم تنظیم کے 11دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ڈیرہ بگٹی‘ دکی اور قلعہ سیف اﷲ سے اسلحہ‘ بارود اور بارودی سرنگیں برآمد کرلیں۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی بلوچستان‘ حساس اداروں اور لیویز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور سنی شورن سے کالعدم تنظیم کے گیارہ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ کارروائی کے دوران ڈیرہ بگٹی اور دکی کے علاقوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا جبکہ قلعہ سیف اﷲ میں آپریشن کے دوران بارودی سرنگیں برآمد کرکے ناکارہ بنا دی گئیں۔کوئٹہ میں کوہلو کے علاقے کاہان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور زیر زمین چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ ڈی سی کوہلو کے مطابق اسلحہ و گولہ بارود ضلع میں تخریب کاری کیلئے استعمال ہونا تھا۔ کارروائی میں آر پی جی سیون کے 181راکٹ اور172فیوز، 75ایم ایم آر آر کی ایک گن اور 80 رائونڈ برآمد ہوئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا یہ اسلحہ ملک میں تخریب کاری کی بڑی کارروائی کیلئے استعمال ہونا تھا۔
دہشتگرد گرفتار