نیشنل پارٹی نظریاتی‘ فکری‘ جمہوری جماعت ہے: حاصل بزنجو
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ایک نظریاتی، فکری اور جمہوری جماعت ہے اور کارکنان ہمارا بنیادی اثاثہ ہیں جنہوں ہردور میں ثابت قدم رہ کر پارٹی کی جدوجہد کو تحریک بخشی اس راہ میں ہمیں بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا لیکن ہمارے عزم اور استحکام میں ٹھہرائو نہیں آیا بلکہ ہم بھر پور حوصلے اور استقامت سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر پہنچنے کے بعد پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کے گلے شکوے سر آنکھوں پر لیکن ہمارا ضمیر صاف ہے اور بلوچستان کے مجموعی مفادات پر کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کی ہے جو لوگ واویلا کررہے ہیں وہ سورج کو انگلی سے چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گوادر پانی بحران پر بھی ہم اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں ۔پاکستان کی معروف سرمایہ کار کمپنی اینگرو نے کارواٹ ڈیسالینیشن پلانٹ کو اپنے خرچہ پر چلاکر گوادر کو مفت پانی فراہمی کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال الیکشن کا سال ہے ضلع گوادر کے ذمہ داران اور کارکنان اپنی سیاسی برتری کیلئے ابھی سے انہماک کا مظاہرہ کریں ۔ اجلاس سے پارٹی کے رہنما میر اشرف حسین اور ضلعی صدر فیض نگوری نے بھی خطاب کیا۔
حاصل بزنجو