مسلم لیگ نون کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں میں مفاہمت بہت ضروری ہے۔

مسلم لیگ نون  کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں میں مفاہمت بہت ضروری ہے۔

راولپنڈی میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے پھول چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگ نون پر مشکل وقت ہے تو تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کو آگے آنا ہو گا تاکہ کل جب آصف علی زرداری پر مشکل وقت آئے تو ان کا دفاع کرنے کے لئے مسلم لیگ نون سب سے آگے ہو۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان میثاق جمہوریت کی شکل میں جو مفاہمت کا عمل شروع ہوا تھا وہ صرف اسی صورت میں پورا ہو سکتا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے عدلیہ کی بحالی، پارلیمنٹ کی بالا دستی کے وعدوں پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے دیرینہ ساتھی آغا ریاض الاسلام نے مسلم لیگ نون کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بعض شر پسند عناصر نے محترمہ کی جائے شہادت کو جلا کر دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش کی تھی لیکن جاوید ہاشمی نے اسے ختم کر دیا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ جاوید ہاشمی نے محترمہ کے بلند درجات کے لئے دعا اور فاتحہ بھی کی۔