مسلم لیگ نون نے چھ مارچ کو لاہور میں احتجاجی ریلی اور جلسہ کر نے کا اعلان کر دیا

مسلم لیگ نون  نے چھ مارچ کو لاہور میں احتجاجی ریلی اور جلسہ کر نے کا اعلان کر دیا

اس بات کا فیصلہ میاں نواز شریف کی زیر صدارت رائے ونڈ فارم ہائوس میں ہونے والے ضلع لاہور کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی،تنظیمی عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرکے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے مل کر کام کر نا ہوگا اور ان کی جماعت اس سلسلہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔میاں نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ایوان صدر سے جوسازش کی گئی ہے اسے عوامی طاقت کے ذریعے مسترد کر دیا جائے گا۔ میاں محمد نواز شریف نے اس موقع پر لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ ان احتجاجی ریلیوں اور جلسوں میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے عوامی رابطہ مہم بھرپور طریقےسے شروع کریں۔ میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگی کارکن جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں اور کسی قسم کی پر تشدد تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اس سے قبل چھ مارچ کو ہونے والی احتجاجی ریلی اور جلسہ میں عوام کی بھر پور شمولیت کے لئے آٹھ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں ۔ اراکین اسمبلی نے میاں نواز شریف کو بتایا کہ شریف برادران کی نااہلی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبہ بھر میں ایک تفصیلی احتجاج کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔جس کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر ارکان اسمبلی کی جانب سے ا احتجاجی کیمپ لگائے جارہے ہیں۔