Nat ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب نے اشتعال انگیز تقریر کرنے پر پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا شیخ رشید کہتے ہیں،انہوں نے عوام کی ترجمانی کی ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب کی عدالت میں اندراج مقدمہ کی درخواست مسلم لیگ نون یوتھ ونگ کے ضلعی صدر نے دائر کی تھی ۔ مقدمہ کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ننکانہ صاحب میں تحریک انصاف کے جلسے میں جو اشتعال انگیز تقریر کی۔ وہ ریاست سے بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب شیخ رشید نے وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء شروع سے ہی انہیں دہشت گرد قرار دے رہے ہیں،، انہوں نے عوام کی ترجمانی کی ہے مقدمات کا سامنا کریں گےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ تیس نومبر کا دن بہت اہم ہے،اگر حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو جنگ ہو گی