ٹرکوں میں چھپ کر آسٹریا پہنچنے کی کوشش، چارپاکستانیوں سمیت 10گرفتار
ویانا(این این آئی)آسٹریا میں ٹرکوں میں چھپ کر پہنچنے والے چارپاکستانیوں سمیت دس غیرملکیوں کو گرفتارکرکے جیل بھجوادیاگیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں آسٹرین پولیس نے بتایا کہ انسانوں کے سمگلر اب سربمہر مال بردار ٹرکوں میں لوگوں کو چھپا کر انہیں آسٹریا پہنچانے کی کوششوں میں ہیں۔ ایسے ہی ایک کوشش کے تحت چار پاکستانی شہریوں کو بھی سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔آسٹریا کی پولیس نے کہاکہ حالیہ کچھ عرصے سے غیر قانونی تارکین وطن کو ٹرکوں میں چھپا کر انہیں خفیہ طور پر آسٹریا لانے کی کوششوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔بیان کے مطابق مہر بند مال بردار ٹرکوں میں غیر قانونی مہاجرین کو چھپا کر سرحد پار کرانے کی متعدد کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔بیان کے مطابق سلووینیہ کی سرحد کے قریب ہی ایک واقعے میں ایک ٹرک کے ڈرائیور نے مشتبہ آوازیں سننے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس ٹرک میں لوگوں کو چھپایا گیا تھا۔بعد ازاں تلاشی کے بعد اس ٹرک سے پانچ عراقی باشندے برآمد ہوئے، جن میں دو شیر خوار بچے بھی شامل تھے۔اسی طرح بوسنیا کے ایک ٹرک سے چار پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ ایک افغان شہری بھی برآمد ہوا۔ یہ ٹرک بھی سلووینیہ سے متصل آسٹرین علاقے میں سفر پر تھا۔
آسٹریا/پاکستانی گرفتار