سیلاب متاثرین بے یارومدگار امداد کے منتظر ہیں ،حکومت کی ٹرخالوجی پالیسی کے خلاف سندھیوں کو جاگنا ہوگا. میاں نواز شریف

سیلاب متاثرین بے یارومدگار امداد کے منتظر ہیں ،حکومت کی ٹرخالوجی پالیسی کے خلاف سندھیوں کو جاگنا ہوگا. میاں نواز شریف

سندھ کے علاقے شہداد پورمیں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سربراہ محمد نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی کرے ، لوگ ترقی کریں، ملک سے کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کا خاتمہ ہو ،نواز شریف نے کہا کہ وہ صدر یا وزیراعظم نہیں ہیں مگرلوگوں کا درد محسوس کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، گیس ہے نہ بجلی اور لوگوں کے پاس روزگار بھی نہیں ہے۔ ن لیگ کے صدر نے کہا کہ عوام کی مدد سے پاکستان اور سندھ کی تقدیر بدل دیں گے،نواز شریف نے کہا کہ سیلاب نے سندھیوں کی زندگیوں کومشکل کردیا ہے ، متاثرین سیلاب کوبحالی کے لیے ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں،
اس سے قبل نوشہروفیروز میں جلسے سے خطاب کرتے ھوئے نواز شریف نے کہا کہ حکیم محمد سعید کی شھادت کے بعد ایم کیو ایم کی طرف سے قاتل نہ دینے پر اس سے راہیں جدا کیں ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ سیلاب میں ڈوبا ھوا ھے، عوام کی فصلیں اور گھر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ مویشی مر گئے ھیں، دیھاتوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ھے مگر حکمران متاثرین کے دکھ میں شریک ھونے کے بجائےکہیں نظر نھیں آ رھے.
ادھر ہالہ میں خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ سندھ کے عوام کی حالت آج بھی انیس سو سینتالیس جیسی ہے، کوئی انکا پرسان حال نہیں ، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے بہت سے وعدے کئے گئے مگر ہوا کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھی بھائیوں کو جاگنا ہو گااور سوچنا ہو گا کہ انکے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ نیا پاکستان تعمیر کریں گے عوام پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے انکا ساتھ دیں ۔
قبل ازیں نواز شریف جب نواب شاہ ائیر پورٹ پہنچے تو مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماؤں غوث علی شاہ ، ممنون حسین اورڈاکٹر بہادر ڈاہری سمیت سینکڑوں کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیااور نعرے لگائے۔