پاکستان مسلم لیگ نے ججز کی بحالی کا انتظامی حکم واپس لینے کی خبر پر تحریک التوا قومی اسمبلی میں جمع کرا دی۔

یہ تحریک التوا مسلم لیگ نون کے ارکانِ پارلیمنٹ راجہ محمد اسد خان، ملک شاکر بشیر اعوان اور مسز نثار تنویر کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے ۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ حکومت نے جس حکم کے تحت ججز کو بحال کیا تھا اب حکومت اسی حکم کے تحت ججوں کو ہٹانا چاہتی ہے، اس خبر نے عوام، وکلا اور سول سوسائٹی میں بے چینی کی کیفیت پیدا کردی ہے۔ حکومت اس معاملے کو ایوان میں زیر بحث لائے اور ایوان کو ساری صورتحال کے حوالے سے اعتماد میں لے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت آخر عدلیہ سے کیا چاہتی ہے۔