حکومت اور عدلیہ ایک دوسرے کا احترام کریں اور ایک دوسرے کے خلاف سازشوں کا حصہ نہ بنیں ۔ الطاف حسین

حکومت اور عدلیہ ایک دوسرے کا احترام کریں اور ایک دوسرے کے خلاف سازشوں کا حصہ نہ بنیں ۔  الطاف حسین

کراچی کے حلقے پی ایس چورانوے میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ انتخابی جلسے سے لندن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کریں جبکہ حکومت اور عدلیہ ایک دوسرے کے محافظ بنیں، انہوں نے کہا کہ جاگیردار، وڈیرے اور کرپشن ایک ساتھہ نہیں چل سکتے، ایک دن ضرور آئے گا جب جاگیردارانہ نظام ختم ہو جائے گا، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ گھناونی سازش کے تحت ڈاکٹر عمران فاروق کو شہید کیا گیا ہے، ملک میں جب انقلاب آئے گا تو کارکنوں کے قاتلوں کا احتساب ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہم بھاگنے والے نہیں بلکہ جان دینے والے ہیں یہ ضمنی الیکشن الطاف حسین کے چاہنے والوں اور اسلحہ و قبضہ مافیا کے درمیان ہے، عوام کو خوف زدہ کرنے کے لیے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو شہید کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن میں الطاف حسین اور باچا خان کے نظریات کو پھیلانے والے رہتے ہیں، الطاف ٹاون میں صرف محبت کرنے والے رہتے ہیں، الطاف حسین نے کہا کہ غربت، بےروزگاری، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف انقلاب کی قیادت اورنگی ٹاؤن کی عوام کرے گی، عوام حق پرست امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، جلسہ سے ڈاکٹر فاروق ستار، سید مصطفٰی کمال و دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔