ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے‘ غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی : شہبازشریف

خبریں ماخذ  |  خصوصی رپورٹر
 ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے‘ غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی : شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گذشتہ برس کی نسبت سال رواں میں ڈینگی کے حوالے سے تمام صورت حال کنٹرول میں ہے اور اس وقت پنجاب کے کسی ہسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض داخل نہیں۔ متعلقہ محکموں کے سربراہ اپنے تمام انتظامات مکمل رکھیں، اس ضمن میں کوئی سستی کی گئی یا فرائض سے غفلت برتی گئی تو سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔ انسداد ڈینگی کے بارے میں بھرپور آگہی مہم چلائی جائے، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ عید کی تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی کے اقدامات جاری رہنے چاہئیں اور اس سلسلے میں محکمے اپنا اپنا پلان تیار کریں اور میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ پر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ وہ گذشتہ روز ڈینگی کی ممکنہ وبا سے نمٹنے کے لئے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ گذشتہ برس کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار کسی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، تمام متعلقہ محکمے چوکس رہیں۔ نظام کو خودبخود کام کرنا چاہئے، منتخب نمائندے، سرکاری محکمے اور ان کے سربراہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ اگر کسی جگہ کوئی خامی پائی جاتی ہے تو اسے دور کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے دوران بعض اداروں کے انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان اداروں کے سربراہوں کی سرزنش بھی کی اور وارننگ دی کہ انسداد ڈینگی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے کیونکہ انسانی جانوں کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے پرائیویٹ سکولوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کے ناکافی انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈینگی وائرس سے نمٹنے کے معاملے میں کوئی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے، ٹائر ورکشاپس کی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور ناکارہ ٹائروں کی کٹائی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انسداد ڈینگی کے آلات سٹور کرنے کے لئے وئیر ہاﺅس بنایا جائے گا۔ لیڈی ہیلتھ ورکروں کی استعدادکار بڑھانے کے لئے انہیں تربیت اور اعزازیہ دینے کے فیصلے پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے۔ زیر تعمیر عمارتیں ڈینگی مچھر کی پرورش کا بہت بڑا ذریعہ ہوتی ہیں لہٰذا ایسی عمارتوں کا ملبہ صاف کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرویلنس کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ویکٹر سرویلنس کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے عمل کو مزید م¶ثر بنایا جائے۔ انہوں نے کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹیوں میں صفائی کے انتظامات کو ناقص قرار دیتے ہوئے سیکرٹری کوآپریٹو کو ہدایت کی کہ ان سوسائٹیوں میں صفائی کی صورتحال فوراً بہتر بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سالڈویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ لاہور میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ والے پلاٹس فوری صاف کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے زیر تعمیر روٹ پر انسداد ڈینگی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کھڑا ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم پی اے چودھری شہباز کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جو برساتی پانی کے نکاس کے لئے لائحہ عمل تیار کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے شالیمار ٹاﺅن میں لاروے کی موجودگی کی رپورٹس پر وزیر تعلیم کو علاقے پر خصوصی توجہ دینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ پروگرام کے تحت پنجاب کے 50 ہزار طلبا و طالبات کو مختلف اداروں میں تربیت کے دوران 10 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ انٹرن شپ پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ انٹرن شپ کرنے والے طلبا اور طالبات کو اے ٹی ایم کی طرز پر سمارٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی طرف سے گوگل ادارے کے اشتراک سے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں فرسٹ انوویشن پالیسی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف آج اس ضمن میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔