وزیراعظم کو پنجاب میں پارٹی کو فعال کرنے، الیکشن تیاریوں کی ذمہ داریاں دیدی گئیں

 لاہور (خبر نگار) سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کو پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کو متحرک کرنے کا ٹاسک دیئے جانے کے بعد وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی پنجاب میں پارٹی کو فعال کرنے اور آنیوالے انتخابات کی بھرپور تیاری کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ وزیراعظم اس ذمہ داری کے پہلے مرحلے میں کل سٹیٹ گیسٹ ہا¶س لاہور میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم پارلیمانی پارٹی پنجاب کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ صوبائی پارلیمانی لیڈر میجر (ر) ذوالفقار گوندل کے مطابق تمام ممبران کو لاہور بلا لیا گیا ہے۔ جبکہ پارٹی کے باخبر حلقوں کے مطابق ارکان اسمبلی وزیراعظم سے ”گلے شکوے“ بھی کریں گے۔ ارکان اسمبلی کو گلہ ہے کہ مفاہمت پالیسی کی وجہ سے پارٹی ارکان کو پنجاب میں مسلسل نظرانداز کیا گیا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) سے ہارنے والے ٹکٹ ہولڈرز کو بھی کروڑوں کے فنڈز دیئے۔ مگر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کو حکومت میں ہوتے ہوئے بھی کچھ نہیں ملا تھا۔