زرداری کے سیاسی مقاصد کے لئے بھٹو کا نام استعمال کرنے پر اعتراض ہے: ممتاز بھٹو

 لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ سندھ نواب ممتاز بھٹو نے صدر آصف زرداری کی جانب سے خود کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کا روحانی فرزند قرار دینے پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرداری سیاسی مقاصد کے لئے ”بھٹوز“ کا نام استعمال کر رہا ہے جس پر بھٹو خاندان کو سخت اعتراض ہے۔ گذشتہ روز ٹیلی فون پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے نواب ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ آصف زرداری ”ضیا حمایت تحریک“ کا ممبر تھا۔ ان کے والد نے ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی چھوڑ دی تھی اور شہید بھٹو کو پھانسی پر مٹھائیاں تقسیم کی تھیں، جشن منائے تھے۔ ایک بار ”بھٹو¶ں“ کے نام پر عوام کو اس شخص نے بے وقوف بنایا ہے لیکن آئندہ ایسا نہیں کر سکے گا۔